یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کنسٹیٹیونٹ کالج بوائز ہاسٹل اقبال ہال بورے والا میں ’’ٹرن یور پرسنیلٹی ایز این انٹرپرینیور 2025‘‘ پر ایک روزہ ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

بورےوالا(سدرہ شریف)

بورے والا,21 اکتوبر 2025 (خصوصی رپورٹ) — یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کنسٹیٹیونٹ کالج بورے والا کے بوائز ہاسٹل اقبال ہال میں ایک روزہ معلوماتی و تربیتی ورکشاپ بعنوان “ٹرن یور پرسنیلیٹی ایز این انٹرپرینیور 2025” کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد نوجوان طلباٗکو جدید کاروباری رجحانات، خود روزگاری، اور فری لانسنگ کے بڑھتے ہوئے مواقع سے روشناس کرانا تھا۔ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی ادارہ ہذا پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود ندیم تھے، جنہوں نے نوجوانوں کو خود اعتمادی، تخلیقی سوچ، اور عملی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو صرف ملازمت کے حصول تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں خود روزگار اور انٹرپرینیورشپ کی راہ اپنانی چاہیے۔تقریب میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اقبال ہال حافظ محمد ہارون، ہال وارڈن ڈاکٹر سہیل اختر مسعود احمد خان اور دیگرفیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ کے خصوصی مہمانان اور ماہرینِ فری لانسنگ و انٹرپرینیورشپ جناب حمزہ ارشد صاحب ، جناب علی احسن صاحب اور جناب عمیر رفیق صاحب کو گیسٹ آف آنر سے نوازا گیا۔ دونوں مہمانانِ خصوصی نے اپنے عملی تجربات کی روشنی میں شرکاء کو فری لانسنگ اور آن لائن مارکیٹ پلیسز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
ورکشاپ کے ٹرینرز نےبین الاقوامی سطح پر معروف پلیٹ فارمز جیسے کہ eBay، Amazon، Fiverr، Upwork، LinkedInاور دیگر فری لانسنگ و ای کامرس پلیٹ فارمز پر کام کرنے کے طریقہ کار، پروفائل بنانے، گِگ بنانے، کلائنٹس سے رابطے، اور آن لائن آمدن کے مختلف ذرائع پر جامع گفتگو کی۔ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے کس طرح ایک طالبعلم بھی گھر بیٹھے عالمی سطح پر کمائی کر سکتا ہے، اس پر مثالوں اور اعداد و شمار کے ساتھ روشنی ڈالی گئی۔ورکشاپ کے دوران شرکاء کے لیے سوال و جواب کی نشست، انٹرایکٹو سیشنز، اور گروپ سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں طلباٗنے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو پہچاننے اور عملی دنیا میں قدم رکھنے کی ترغیب دی گئی۔اختتام پر معزز مہمانان کی جانب سے شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ منتظمین کی بہترین کارکردگی کو سراہا گیا۔ طلبہ نے اس ورکشاپ کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے اس قسم کی مزید سرگرمیوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا تاکہ انہیں مستقبل میں اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے رہنمائی حاصل ہو۔

Facebook Comments Box