’’دہر میں اسمِ محمد سے اجالا کر دے‘‘نبی کریم ﷺ کے 1500ویں سالہ جشن ولادت کے موقع پر اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام خصوصی سیمینار”.

لاہور – فریدہ خانم
نبی کریم ﷺکے ۱۵۰۰ ویں جشن ولادت کی تقریبات کی مناسبت سے اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام بسلسلہ عشرہ رحمت للعالمین خصوصی سیمیناربعنوان ’’دہر میں اسمِ محمد سے اُجالا کر دے‘‘ کا انعقاد کیاگیا۔ سمینار کی صدارت معروف سیرت سکالر ڈاکٹر پیر سید طارق شریف زادہ نے کی۔ کلمات تشکر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے پیش کئے۔ مہمان مقررین میں چیئرمین شعبہ فارسی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورڈاکٹر بابر نسیم آسی، پرنسپل عائشہ صدیقہ ڈگری کالج ،لاہور ڈاکٹر بشری ٰ مرتضیٰ ملک ، پروفیسر واپڈا ٹاؤن کالج برائے خواتین ڈاکٹر نصرت طارق اورمنیجنگ ڈائریکٹر مکتبہ اعلیٰ حضرت ،جناب ابو حنظلہ محمد اجمل مدنی تھے۔ ڈاکٹر بابر نسیم آسی نے اقبال کی فارسی شاعری میں موجود رحمت للعالمین ﷺکے تصورات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اقبال نے فارسی زبان کے ذریعے پیغمبر اسلام ﷺ کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچایا۔ ڈاکٹر بشریٰ ملک نے خواتین کے کردار کو اقبال کے تناظر میں اجاگر کیا اور بتایا کہ حضور ﷺ کی تعلیمات خواتین کی ترقی کا بھی ذریعہ ہیں۔ ڈاکٹر نصرت نے اقبال کے شاہین کے استعارے کو رحمت للعالمین کے پیغام سے جوڑا، جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر مکتبہ اعلیٰ حضرت، جناب ابو حنظلہ محمد اجمل مدنی نے سیرت طیبہ کے عملی اطلاق پر بات کی اور کہا کہ اقبال نے اپنی شاعری میں اسی سیرت کو زندہ کیا, اقبال نے اپنی شاعری میں حضور ﷺ کی سیرت کو زندہ کرنے کی ترغیب دی، جو آج بھی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔
ڈاکٹر طارق شریف زادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں حضور اکرم ﷺ کے پیغام کو ایک عالمگیر نور کے طور پر پیش کیا، جو آج بھی انسانیت کے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور میں، جب دنیا اخلاقی اور سماجی بحرانوں سے دوچار ہے، اس پیغام کو نئی نسل تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اقبال کی نظم ’’شکوہ‘‘ اور ’’جوابِ شکوہ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان میں حضور ﷺ کی تعلیمات کو زندہ کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں حضور اکرم ﷺ کے نور کو انسانیت کے لئے ایک بے مثال رہنما قرار دیا اور آج کی اس تقریب کا مقصد اسی نور کو پھیلانے کی کوشش ہے۔ اقبال اکادمی،اقبال کے افکار کو نئی نسل تک پہنچانا اور انہیں عملی زندگی میں نافذ کرنے کے لئے ہر وقت کوشاں ہیں۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے مہمانان گرامی کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

Facebook Comments Box