لاہور : ( فریدہ خانم ) ,
علامہ اقبال رح کا کلام نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے: وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگ زیب کھچی اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام 19 اگست 2025 ء کو “یہ غازی یہ تیرے پراسرار بندے” کے عنوان سے کل پاکستان مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مقابلہ جات کلام اقبال مترنم ، ملی نغموں اور مصوری پر مشتمل تھے۔تقریب کی اختتامی نشست کی صدارت معروف ماہر اقبالیات ڈاکٹر وحید الزمان طارق نے کی، جبکہ مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن جناب اورنگ زیب کھچی تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔تلاوت قرآن پاک کی سعادت فرزین اسد نے کی ۔ نعت رسول مقبولﷺ فریحہ عارف نے پیش کی ۔
مہمان خصوصی جناب اورنگ زیب کھچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال کا کلام نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ اقبال کے پیغام کو عام کرنے کے لئے طلبہ کے درمیان اس طرح کی تقریبات نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے اقبال اکادمی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور طلبہ کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر تقریب ڈاکٹر وحید الزمان طارق نے اپنے صدارتی خطاب میں علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور ان کے پیغام کی عصری اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا کلام نہ صرف ادبی شاہکار ہے بلکہ ایک مکمل نظام زندگی پیش کرتا ہے, جو آج کے دور میں بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے شکریہ اد اکرتے ہوئے کہا کہ اقبال اکادمی پاکستان علامہ اقبال کے فکری ورثے کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرتی رہی گی۔
مقابلہ جات کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والےطلبہ میں جناب اورنگ زیب کھچی اور ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے انعامات تقسیم کئے ۔ ترنم ، ملی نغموں اور مصوری کے مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو میڈلز، اسناد سے نوازا گیا۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے کلمات تشکر ادا کئے اور تمام شرکاء، منتظمین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال اکادمی پاکستان مستقبل میں بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گی, تاکہ نئی نسل کو علامہ اقبال کے پیغام سے روشناس کرایا جا سکے۔
تقریب میں اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
“اقبال رح اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام “یہ غازی یہ تیرے پراسرار بندے” کے عنوان سے کل پاکستان مقابلہ جات کا انعقاد”.

Facebook Comments Box