” تاشقند اردو اور پی ایف یو سی کے مابین معاہدہ “.

لاہور: ( فریدہ خانم ) , پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اور تاشقند اردو ڈیجیٹل کے مابین باہمی معاہدہ طے پایا ہے ۔ اس حوالے سے لاہور میں ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد پی ایف یو سی ممبران کو تاشقند اردو ڈیجیٹل پر مواقع مہیا کرنا ہے, جہاں وہ تاشقند اردو کی ایڈیٹوریل پالیسی کے مطابق تحاریر لکھ سکیں گے۔ پی ایف یو سی ممبران پاکستان کے آئین و قانون اور آزادی اظہار رائے کی شق کے اندر رہتے ہوئے سماج کی فلاح و بہبود کےلئے تحاریر لکھیں گے ۔ تاشقند اردو ڈیجیٹل پی ایف یو سی ممبران کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق وی لاگ کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔تاشقند اردو ڈیجیٹل پی ایف یو سی کے باصلاحیت شعبہ صحافت سے وابستہ ممبران کو مستقبل میں ان کی صلاحیت کے مطابق ملازمت کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایف یو سی فرخ شہباز وڑائچ کا کہنا تھا کہ صحافت کے اسرار و رموز بدل چکے ہیں۔ ہمیں وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے نوجوان لکھاریوں اور صحافیوں کو ڈیجیٹل میڈیا ٹولز، ڈیٹا جرنلزم، اور ویڈیو ایڈیٹنگ کی تربیت دی جائے گی ۔ورکشاپس، سیمینار کا انعقاد کرایا جائے گا, جس سے ان کی صلاحیتوں میں مزید اضافی ہوگا۔ صدر پی ایف یو سی ساجد خان کا کہنا تھا کہ تاشقند اردو ڈیجیٹل ایک نمایاں اور ممتاز اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔ ہمارے ممبران کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ یہ صحافیوں کے تبصروں کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر صحافیوں کے مواد کی ترویج ہو سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صنفی مساوات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین صحافیوں کے لئے خصوصی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
چیئرمین تاشقند اردو ذبیح اللہ بلگن نے کہا کہ ان کےلئے ہی ایف یو سی سے الحاق خوش آئند ہے اس سے یقیناً تاشقند اردو کو با صلاحیت اور عملی سطح پر کام کرنے والے نوجوان میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاشقند اردو ڈیجیٹل پاکستان سمیت دنیا پھر میں کام کر رہا ہے۔ یقیناً یہ دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ روابط بڑھانے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ اس موقع پر سی ای او تاشقند اردو حافظ محمد حسان نے کہا کہ وقت آ گیا یے کہ کمیونیکیشن کے طلباء اور عملی صحافت سے وابستہ افراد خود کو اپ گریڈ کریں۔ ڈیجٹل پلیٹ فارم فوری رسائی کے بہترین ذرائع ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر جدید ٹیکنالوجی (AI، AR) تک رسائی اور تربیت کا اہتمام کیا جائے گا, جس سے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا اور وہ مروجہ قوانین کے تحت لوگوں کی آواز بن سکیں گے۔ تقریب میں پی ایف یو سی ممبران جن میں سابق صدر عبدالماجد ملک ، سیکٹری جنرل فرید رزاقی ، اظہر تھراج ، ادیب یوسفزئی ، جہانگیر خان ، محمد حسان خان سمیت تاشقند اردو کی ٹیم زرتاج بشیر ، محمد طیب ، ارسل بلگن اور مینیجمینٹ نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

Facebook Comments Box