بوریوالا (سدرہ شریف)
یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد سب کیمپس بورےوالا اقبال ہال (بوائز ہاسٹل) سالانہ تقریب کا انعقاد
یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، سب کیمپس بورےوالا اقبال ہال (بوائز ہاسٹل) میں سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے انتظامی امور ہاسٹل سپرنٹنڈنٹ حافظ محمد ہارون نے سر انجام دیئے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پرنسپل ادارہ ہذا پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود ندیم تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں ڈاکٹر سہیل اختر، ڈاکٹر شوکت زمان خان، ڈاکٹر رانا محمد سلیم ، عمیر رفیق ،محمد مسعوداحمد خاں، عمران محمود، شاہد ندیم، ڈاکٹر سید محمودالحسن اور ڈاکٹر محمد اشفاق شامل تھے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد اویس نے تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا، جس کے بعد فضل الہی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے دلوں کو منور کیا۔اسکے بعد ہاسٹل سپرنٹنڈنٹ حافظ محمد ہارون نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور آخری سمسٹر کے طلباٗ کے لئے نیک تمناوٗں کا اظہار کیا۔اپنی تقریر میں حافظ محمد ہارون صاحب نے کہا کہ جب سے ہاسٹل کے انتظامی امور کو سنبھالا ہے میں نے پوری ایمانداری سے طلباٗ کو ہاسٹل میں گھر جیساماحول ، پیار و محبت اور ایثار و قربانی کا درس دیا ہےاور ان کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کےلئے ہاسٹل میں ایک روزہ ورکشاپ ’’ٹرن یور پرسنیلٹی ایز این انٹرپرینیور 2025‘‘ کا بھی انعقاد کروایا ہے۔جس میں معزز مہمانوں نے طلباٗ کو معروف پلیٹ فارمز جیسا کہ eBay، mazon، Fiverr، Upwork ، LinkedIn اور دیگر فری لانسنگ و ای کامرس پلیٹ فارمز پر کام کے طریقہ کار، پروفائل سازی، گِگ تخلیق، کلائنٹس سے رابطہ، اور آن لائن آمدن کے مواقع کے طریقہ کار کو پریکٹیکلی تفصیل سے کرکے دکھایا تاکہ طلبا ٗ اپنی پڑھائی کا بوجھ خود سے اٹھا سکیں اور آنے والے دنوں میں اپنے والدین کا سہارا بھی بن سکیں ۔آخر میں انہوں نے تمام معزز مہمانوں طلباٗ اور اپنی ٹیم میں شامل محمد اکرم ، محمد عمران اور محمد صغیر کابھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں انکا بھر پور ساتھ دیا۔
اس کے بعد نئے آنے والے طالب علم حسنین باقر (فرسٹ سمسٹر) نے ایک دل کو چھو لینے والی تقریر میں بتایا کہ وہ جب گھر سے آئے تو اداسی و محرومیاں انکے ساتھ تھیں، مگر یہاں کے سینئر طلبہ نے انہیں گھر جیسا ماحول فراہم کرکے ان کے روشن مستقبل کے لئے نئی امید رقم کی۔بعد ازاں محمد طاہر شاہ نے اپنی مزاحیہ نظم سے محفل کو خوب لطف اندوز کیا۔ تقریب میں ایک خاص موقع اس وقت آیا جب یونیورسٹی کے سابق طالبعلم، سید محمود الحسن (جنہوں نے حالیہ چین سے پی۔ایچ۔ڈی مکمل کی اور بطور وزیٹنگ فیکلٹی کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں) کی سالگرہ منائی گئی۔اس موقع پر طلباٗ و اساتذہ نے انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ مبارکباد پیش کی، اور ان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کیک کاٹا۔ڈاکٹر محمود الحسن کی سالگرہ کی تقریب نے محفل کے ماحول کو خوشیوں سے بھر دیا اور طلبہ نے انہیں اپنے لیے ایک مثالی رول ماڈل قرار دیا۔اس کے بعد ڈاکٹر رانا محمد سلیم صاحب کو اسٹیج پرمدعو کیا گیاجس پر انہوں نے تمام معزز مہمانان گرامی ، طلباٗ اور منتظمین کا پرجوش خیرمقدم کیا اور تقریب کو طلباٗ کی صلاحیتوں، ٹیم ورک اور جذبہِ خدمت کا زندہ نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے حافظ محمد ہارون کی قیادت میں ہاسٹل انتظامیہ کی بے مثال محنت، پیشہ ورانہ لگن اور سٹوڈنٹس پالیسیوں کی بھرپورتعریف کی اوردعائیہ کلمات میں اس مثالی حکمت عملی کو جاری و ساری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔تقریب تقسیم انعامات و سرٹیفیکیٹ میں ایک روزہ ورکشاپ ’’ٹرن یور پرسنیلٹی ایز این انٹرپرینیور 2025‘‘ کے تمام شرکاٗ کو سرٹیفیکیٹ دیئے گئے۔ لڈو کے مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن ہولڈرز حماد احمد اور سارم ندیم کو ایک ہزار روپے کیش انعام اور سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا جبکہ رنر اپ طلباٗ میں رانا منیر اورمحمد مبشرکو کیش انعام پانچ سو روپے اور سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔ طلباٗ ہاسٹل انتظامیہ 2024-25 (حماد احمد،آصف علی، مہتاب انور، محمد حذیفہ، حمزہ ناصر، عبد الرحمن، فہد افتخار، حسنین باقر، محمد جواد، احمد حسن اور فضل الہی )کو انکی مثالی کارکردگی کی بناٗ پرکمیٹی کے تمام ممبران میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئی۔ آخر میں رخصت ہونے والے طلباٗ کے عزم، ٹیم ورک، صحت مند اور باہمی تعاون اور نظم وضبط کے مثالی قیام کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ آخر میں مہمان خصوصی پرنسپل ادارہ ہذا پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود ندیم صاحب کو سٹیج پر مدعو کیا گیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں ہاسٹل سپرنٹنڈنٹ حافظ محمد ہارون کے انتظامی امور ،محنت ،مثالی نظم و ضبط اور ہاسٹل کی تاریخ میں مثالی کارکردگی کی بھر پور تعریف کی ۔ پرنسپل صاحب میں ہاسٹل میں نئے آنے والے تمام طلباٗ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید اور آخری سمسٹر کے طلباٗ کے لئے بہتر مستقبل کےلئے دعائیہ کلمات کہے۔ مزید برآں کہا کہ اس طرح کے پروگرامز طلباٗمیں خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں اور انہیں ایک مثبت سمت میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔پرنسپل صاحب نےہاسٹل میں منعقد ایک روزہ ورکشاپ ’’ٹرن یور پرسنیلٹی ایز این انٹرپرینیور 2025‘‘ ،لڈو گیم کے مقابلہ جات اور دیگر امور کی بھر پور تعریف کی۔طلباٗ کو میسر سہولیات کو مزید بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ اس موقع پر طلباٗ کی پرزور فرمائش پر پرنسپل صاحب نے ہاسٹل میں انٹرنیٹ کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کےلئے مزیدفنڈ کی یقین دہانی کروائی اور کام کو دس دن میں مکمل کرنے کی تلقین کی تاکہ ہاسٹل میں مقیم طلباٗ ای کامرس کے ذریعے اپنے لئے بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔پرنسپل صاحب نے ہاسٹل کے بہتر ہوتے ہوئے ماحول اور طلباٗ کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کا مقصد صرف تعلیم نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت اور کردار کی تعمیر کرنا بھی شامل ہے۔ان کے پرجوش اور حوصلہ افزا ٗالفاظ پر طلباٗ نے کھڑے ہو کر زوردار تالیاں بجائیں ۔ طلباٗ کی آنکھوں میں چمک اور چہروں پر مسکراہٹیں پرنسپل صاحب کی محبت بھری گفتگو کی گواہی دے رہی تھیں۔آخر میں پرنسپل صاحب نے منتظمین ،ڈاکٹر سہیل اختر (ایسوسی ایٹ ہال وارڈن)، ڈاکٹر شوکت زمان خان (ڈپٹی ہال وارڈن) فیکلٹی ممبران اور طلباٗ کا شکریہ ادا کیا جن کی محنت سے یہ تقریب کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ ان کے حوصلہ افزا الفاظ پر طلبہ نے پرتپاک تالیاں بجا کر ان کا خیر مقدم کیا اور ماحول خوشی سے گونج اٹھا۔
منتظمین کے مطابق ہاسٹل انتظامیہ طلباٗ کی ذہنی تازگی کے لیے وقتاً فوقتاً ایسی تفریحی سرگرمیاں منعقد کرتی رہتی ہے۔سالانہ تقریب کے دن اقبال ہال کو برقی قمقموں سے سجایا گیا اختتام پر شرکاء کے لیے عشایہ اور تفریحی مووی نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں طلباٗ نے خوشگوار موسم میں کشمیری چائے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے یادگار لمحے گزارے۔طلباٗ نے کہا کہ اس طرح کی غیر نصابی سرگرمیوں سے انہیں پڑھائی کے ساتھ ساتھ ذہنی تازگی بھی حاصل ہوتی ہے، جس سے وہ اپنی تعلیم پر مزید بہتر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد سب کیمپس بورےوالا اقبال ہال (بوائز ہاسٹل) سالانہ تقریب کا انعقاد
 
			
		Facebook Comments Box
		
	 
			