پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ (PFUC) ایک ملک گیر رائٹرز کی تنظیم ہے جو 2012ء میں چند باصلاحیت نوجوان لکھاریوں کی کاوشوں سے معرضِ وجود میں آئی۔ اس کا مقصد نوجوان لکھاریوں اور بالخصوص شعبہ صحافت کے طلباء و طالبات کو اخبارات تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ اس تنظیم کے بانی اراکین میں فرخ شہباز وڑائچ، عبدالماجد ملک، نور الہدیٰ، ساجد خان، فرید رزاقی اور حافظ ذوہیب طیب شامل ہیں۔ اپنے قیام سے لے کر آج تک یہ تنظیم صحافیوں اور لکھاریوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
اسی طرح تاشقند اردو ڈیجیٹل ایک ایسا جدید پلیٹ فارم ہے جو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر شعبہ نشر و اشاعت اور ڈیجیٹل میڈیا میں اپنی منفرد پہچان بنا چکا ہے۔ اپنی بے باک اور حقیقت پر مبنی رپورٹنگ، وی لاگز اور ویڈیوز کی بدولت اس ادارے نے بین الاقوامی سطح پر مقام بنایا ہے، بالخصوص وسط ایشیائی ریاستوں میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اس کا کردار نمایاں ہے۔ چیئرمین ذبیح اللہ بلگن اور سی ای او حافظ محمد حسان کی قیادت میں تاشقند اردو ڈیجیٹل آج ہر بڑے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اپنی پہچان رکھتا ہے۔
حالیہ دنوں میں لاہور میں ایک تقریب کے دوران پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اور تاشقند اردو ڈیجیٹل کے درمیان ایک باہمی معاہدہ طے پایا۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پی ایف یو سی کے ممبران کو تاشقند اردو ڈیجیٹل پر اپنی تحاریر اور تبصرے شائع کرنے کے مواقع میسر آئیں، ساتھ ہی ڈیجیٹل میڈیا کے جدید ٹولز، ڈیٹا جرنلزم اور ویڈیو ایڈیٹنگ میں عملی تربیت فراہم کی جائے۔ ورکشاپس اور سیمینارز کے ذریعے ان نوجوان لکھاریوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ایف یو سی فرخ شہباز وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کے انداز اور تقاضے بدل چکے ہیں، اب وقت ہے کہ نوجوان لکھاری جدید ڈیجیٹل میڈیا کے ساتھ ہم آہنگ ہوں۔ صدر پی ایف یو سی ساجد خان نے کہا کہ تاشقند اردو ڈیجیٹل صحافیوں کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، جہاں خواتین صحافیوں کو بھی خصوصی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
چیئرمین تاشقند اردو ذبیح اللہ بلگن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف یو سی کے ساتھ الحاق خوش آئند ہے، اس سے تاشقند اردو کو مزید باصلاحیت نوجوان میسر آئیں گے۔ سی ای او حافظ محمد حسان نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ صحافی جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً AI اور AR جیسے پلیٹ فارمز کو سمجھیں اور استعمال کریں تاکہ وہ لوگوں کی بہتر نمائندگی کر سکیں۔
تقریب میں پی ایف یو سی کے اہم اراکین جیسے عبدالماجد ملک، فرید رزاقی، اظہر تھراج، ادیب یوسفزئی، جہانگیر خان اور محمد حسان خان سمیت تاشقند اردو کی ٹیم بھی شریک ہوئی، جن میں زرتاج بشیر، محمد طیب اور ارسل بلگن شامل تھے۔ سب نے اس معاہدے کو صحافت کے مستقبل کے لئے نیک شگون قرار دیا۔
یہ معاہدہ یقیناً پاکستان میں صحافت کے نئے در وا کرے گا اور نوجوان لکھاریوں کو عالمی معیار کے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم سے جوڑنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اللہ تعالیٰ پاکستان کے نوجوان لکھاریوں اور صحافیوں کو علم، قلم اور سچائی کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین ثم آمین۔
“تاشقند اردو اور پی ایف یو سی کا تاریخی معاہدہ”۔

Facebook Comments Box